نئی دہلی،25اگست؍؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اوپی جیشا کی طرف سے شروع کئے گئے تنازعہ نے ایک دلچسپ موڑ لے لیا ہے، ان کے ذاتی کوچ نکولی سنیساریو نے آج مانا کہ اس میراتھن رنر نے خود کہا تھا کہ اسے ریو اولمپکس میں ریس کے دوران کسی طرح کے خصوصی ڈرنک کی ضرورت نہیں ہے۔بیلاروس کے نکولی نے کہا کہ جب جیشا سے انہوں نے پوچھا تھا کہ کیا انہیں کسی طرح کی خصوصی توانائی کی ضرورت تو اس نے انکار کیا تھا۔انہوں نے جیشا سے واضح کرنے کے بعد ہی ہندوستانی ایتھلیٹکس حکام کو کہا تھا کہ اسے ریس کے دوران کسی خاص توانائی کی ضرورت نہیں ہے۔قومی ریکارڈہولڈر جیشا نے الزام لگایا تھا کہ ہندوستانی ایتھلیٹکس فیڈریشن کے حکام نے سخت گرمی میں منعقد ریس کے دوران پانی اور توانائی ڈرنک کا بندوبست نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ دوڑتے ہوئے تقریبا مر ہی گئی تھی لیکن اے ایف آئی کے حکام نے اس بات سے انکار کیا۔نکولی نے کہا کہ جیشا نے کبھی بھی میراتھن مقابلے کے دوران خصوصی ڈرنک کا استعمال نہیں کیا۔انہوں نے بنگلور میں واقع سائی مرکز سے کہا کہ ریس سے ایک دن پہلے رادھا کرشنن نائر(چیف کوچ کے اسسٹنٹ)نے مجھے پوچھا تھا کہ کیا اسے(جیشا)کو ریس کے لئے کوئی خاص توانائی یا ڈرنک کی ضرورت ہو گی،میں نے جیشا سے پوچھا کہ کیا وہ خاص طرح کاڈرنک لے گی یا عام پانی لے گی جو منتظمین کی طرف سے مہیا کرایا جائے گا۔اس نے کہا کہ وہ عام پانی ہی لے گی،اس کے بعد میں نے نائر سے کہا کہ وہ صرف پانی ہی لے گی،یہی ہوا۔